پاور اینڈ پالیٹکس نظریہ بنیادی طور پر تنظیم سازی کا نظریہ ہے جس کا اطلاق کسی بھی رسمی یا غیر رسمی تنظیمی ساخت پر کیا جا ستکتا ہے۔یہ نظریہ ہمیں بتاتا ہے کہ ادارے عقلیت کے بنیاد پر نہیں چلتے جیسا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اداروں کے واضح مقاصد ہوتے ہیں اور اتھارٹی یا پوزیشن پر بیٹھے لوگ ان مقاصد کا تعین کرتے ہیں اور ان پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہیں۔ یہ نظریہ تنظیم سازی کے تما م کلاسیکی نظریات اور ان جیسے دیگر نظریات کو رد کرتا ہے جو تنظیم سازی کو رسمی قوانین، قواعد و ضوابط، اتھارٹی، روایات اور عقلیت کے ساتھ جوڑتے ہیں ۔ طاقت اور سیاست کا نظریہ کلا سیکی نظریات اور ان جیسے دیگر نظریات کو سادگی سے تعبیر کرتا ہے اور ان کو غیر حقیقی گردانتا ہے۔ طاقت اور سیاست کا نظریہ ہمیں بتاتا ہے کہ ادارے افراد اور گروہوں پر مشتمل ایسا پیچیدہ نظام ہوتے ہیں جہاں پر ذاتی مفادات، ترجیحات، نقطہ ہائے نظر اور عقائد ونظریات اداروں کے مقاصد کے مقابلے میں زیادہ غالب رہتے ہیں اور افراد اور گروہ (کوایلشن) اداروں کے اندر پاؤر گیم میں لگے رہتے ہیں تاکہ اداروں کے اندر محدود وسائل ، طاقتور گروہوں اور طاقت کے مراکز تک رسائی حاصل کر سکیں۔ پس تنظیمی ساخت ، مقاصد اور عوامل باہمی لڑائیوں، مقابلے، ایک دوسرے سے فائدہ اٹھانے اور بارگیننگ جیسے مستقل حقائق پر مبنی ہوتے ہیں۔ اداروں کے اندر یہ تضادات نا گزیر ہیں۔
تنظمیی مقاصد اصل میں افراد اور گروہوں کے آپس میں بارگیننگ اور ایک دوسرے سے فائد ہ اٹھانے کے نتیجے میں جنم لیتے ہیں۔ کھبی کھبار اداروں سے باہر کے عوامل بھی اداروں کی سیاست پر اثر انداز ہوتے ہیں ۔ اداروں کے اندر انفرادی مفادات اور گروہ بندیاں تبدیل ہوتی رہتی ہیں اور مقاصد اور ترجیحات اس وقت بدل جاتے ہیں جب ایک گروپ کی جگہ دوسرا گروپ لے لیتا ہے۔
تنظیم کے اندر طاقت کا توازن یا عدم توازن کا انحصار اس بات پر ہے کہ تنظیم کے اندر کن لوگوں ، یونٹس یا گروہوں کے پاس زیادہ اہم ذمہ داریاں ہیں۔ اہم ذمہ داریوں والے افراد زیادہ طاقت اپنے پاس رکھتے ہیں۔
جہاں روایتی تنظیمی نظریات میں طاقت کو اتھارٹی کے ساتھ جوڑا گیا ہے وہاں پاور اینڈ پالیٹکس تھیوری ہمیں بتا تا ہے کہ اتھارٹی طاقت کا محض ایک جز ہے اور طاقت ہر سمت میں موجود ہوتا ہے۔ طاقت اصل میں ایک محرک یا محرکات ہیں ہے جو کام کو پایہ تکمیل تک پہنچاتا ہے۔طاقت وہ چھپی صلاحیت ہے جس کے ذریعے ہم دوسروں پر اثر رکتھے ہیں۔
آخر میں یہ بات ضروری ہے کہ تنظیم کے اندر نظریات کا اہم کردار ہے۔ نظریاتی لوگ تنظیم کے اندر سب سے زیادہ طاقت حاصل کر سکتے ہیں۔
No comments:
Post a Comment